اڈپی: 22جون (یواین آئی؍ایس او نیوز ) کرناٹک کے وزیر سمکیات و امور نوجوانان پرمود مدھواراج نے کہا ہے کہ وہ بچوں کو لے جانے والی تمام گاڑیوں میں سلامتی کے اصولوں میں اضافہ کے سلسلہ میں عنقریب ڈسٹرکٹ روڈ سیفٹی کمیٹی سے ملاقات کریں گے ۔انہو ں نے گذشتہ روز بس اور وین میں ہوئی ٹکر کے واقعہ میں زخمی 6بچوں کی صحت کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ یہ بچے کستوربا اسپتال میں زیر علاج ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ تمام تعلیمی اداروں کے صدور کو بھی طلب کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ تمام فریقین کو ہم شامل کرنا چاہتے ہیں۔ہم نوجوانوں کو بھی اس میں شامل کرنا چاہتے ہیں تاکہ تیزرفتار ی پر قابو پایا جاسکے ۔چوں کہ میرے پاس نوجوانوں کے امور کا بھی قلمدان ہے ۔ میں اس سلسلہ میں نوجوانوں کو بھی شامل کرنے کی کوشش کروں گا۔ انہوں نے کہاکہ قومی شاہراہ نمبر 66پر تیز رفتار گاڑیاں تشویش کا سبب ہیں۔تاہم تیزرفتاری اور حادثات کو روکنے کی ذمہ داری پولیس یا ریجنل ٹرانسپورٹ آفس پر ہی نہیں ہے بلکہ یہ شہریوں کی بھی مساوی ذمہ داری ہے ۔ انہو ں نے مستقل اقدامات کی ضرورت پر زوردیا۔